جنگی قابلیت پر سابق آرمی چیف کا بیان درست پیش نہیں کیا گیا، آئی ایس پی آر


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنگی قابلیت سے متعلق سابق آرمی چیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی کی انوینٹری میں موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی حالت اور ان کی جنگی قابلیت کے بارے میں میڈیا پر بحث ہوئی۔ سابق آرمی چیف نے مستقبل کے خطرات سے متعلق اپنے خیالات آف دی ریکارڈ انٹر ایکٹو سیشن میں میڈیا سے شئیر کیے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ اس سیشن کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ پاکستانی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور جنگی قابلیت پر فخر کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں، ساز وسامان اور جنگی وسائل کو تیار رکھا ہے اور رکھیں گی۔
اطلاعات کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ایک آف دی ریکارڈ انٹرویو میں کہا ہے کہ مالی بحران کی وجہ سے پاک فوج کو ہتھیاروں کی کمی کا سامنا ہے۔