مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، وزیراعظم


رسالپور(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے اور بھارت نے اگست 2019 سے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے ہمسائیہ ملکوں کے ساتھ ملکر کوششیں جاری رکھیں گے اور ہم تمام ملکوں سے دوطرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر کوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارکباد دیتا ہوں جبکہ کیڈٹس کے والدین کو بھی دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ بہترین، منظم اور پیشہ ور کیڈٹس کی سربراہی پر ایئر چیف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں ہے، یقین ہے مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی رہے گی، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔