اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع پر پاکستان غیر جانبدار پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے . ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم نے اس دوران کسی فریق کو اسلحہ فراہم نہیں کیا .
اس تنازع سے قبل یوکرین سے قریبی دفاعی تعلقات رہے . پاکستان یوکرائن اور روس کے درمیان تنازع میں غیر جانبدارانہ پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے .
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آج صبح 149 پاکستانیوں کو لے کر طیارہ اسلام آباد پہنچا . سوڈان سے جدہ پہنچنے والے پاکستانیوں کو بھی ملک واپس لایا جارہا ہے . 2 مزید طیارے 200 پاکستانیوں کو لے کر آج سوڈان سے پہنچیں گے . پاکستانیوں کو محفوظ طریقے سے پاکستان لانے کا ہمارا منصوبہ کام کررہا ہے . انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خرطوم میں سفیر اور سفارتی عملہ پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے انتھک محنت کررہا ہے . ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 6 مئی کو برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کے لیے برطانیہ جائیں گے .
پریس بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے . سید شکیل یوسف اور سید شاہد یوسف نامی کشمیریوں کی پراپرٹیز قبضہ کر لی گئی ہیں . دونوں کشمیری پہلے ہی بھارت کی تحویل میں ہیں . پاکستان دہشت گردی کا متاثرہ ملک رہا ہے . ہمارے پاس بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت ہیں .
انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ بھارتی وزیر خارجہ کے ریمارکس غیر ضروری اور بے بنیاد ہیں . کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پایا گیا اور گرفتار ہوا . کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا ثبوت ہے .