ماہ نور بلوچ نے اسکرین سے کیوں دوری اختیار کرلی؟


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ نے حالیہ انٹرویو میں اسکرین سے دوری اختیار کرنے کی وجہ بتا دی . خوب رو سینئر اداکارہ نے گزشتہ دنوں نجی چینل کے شو میں شرکت کرتے ہوئے ڈراموں اور فلموں میں کام نہ کرنے کی وجہ پر کھل کر تبصرہ کیا .

میزبان کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری انڈسٹری کو اب بھی مزید بہتری کی ضرورت ہے، ہمارے یہاں اچھی اور معیاری کہانی کی شدید کمی ہے .
انہوں نے کہا کہ آج بھی ایک ہی قسم کی کہانیاں پیش کی جارہی ہیں جو ایک خاص عمر کے ہیرو اور ہیروئن کے گرد ہی گھومتی ہیں، مختلف عمر کے افراد کی کہانیاں پیش نہیں کی جاتیں جب کہ غیر ملکی میڈیا میں ایسا نہیں ہے . وہاں مختلف موضوعات اور مختلف عمر کے لوگوں کی کہانیاں بتاتے ہیں .
وہاں چاہے کسی بھی عمر میں پہنچ جائیں آپ کو اُسی کے حساب سے ویسی ہی کہانیوں میں کاسٹ کیا جاتا ہے . انہوں نے نکل کڈمین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی کام کر رہی ہیں، وہ اپنے اداکاروں کے لئے خصوصی کردار لکھتے ہیں .
اداکارہ نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں صرف عاشقانہ کہانیاں دکھائی جاتی ہیں اور ہیرو کی عمر 55 سال ہونے کے باوجود بھی وہ بوڑھا نہیں دکھائی دیتا، شاید ان کے لئے یہ اچھا لگتا ہو لیکن جب آپ عام لوگوں کی نظر سے دیکھیں تو یہ اچھا نہیں لگتا کیونکہ لوگوں کی سوچ بدل رہی ہے اور وہ اب اس کو قبول نہیں کرتے . ماہ نور بلوچ کئی سالوں سے پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں انہوں نے پی ٹی وی کے مقبول ڈرامہ ”ماروی“ کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی، جس کے بعد انہوں نے کئی ڈراموں میں کام کیا .

. .

متعلقہ خبریں