الیکشن مذاکرات؛ تحریک انصاف کا حکومت سے بجٹ سے قبل اسمبلی تحلیل کا مطالبہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان الیکشن کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور ہورہا ہے۔مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 3 میں ہورہے ہیں۔ حکومتی اور تحریک انصاف کی ٹیموں نے چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کا وفد بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا خواہاں ہے۔ تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ حکومت بجٹ سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ دے، یہ چیز سیاسی تناؤ میں فوری کمی لا سکتی ہے، اور مذاکراتی عمل ایک ہفتے میں مکمل ہوجانا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی تین رکنی مذاکراتی کمیٹی میں فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر شامل ہیں۔حکومتی کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، لیگی رہنما ایاز صادق ، مسلم لیگ ق کے طارق بشیر چیمہ اور ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشورہ زہرہ شامل ہیں۔ گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا
جس میں کوئی فیصلہ نہ ہوا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا۔ کل مذاکرات کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ ٹی او آر پر بات ہوئی ہے۔ اصولی فیصلہ ہے آئین کے اندر رہ کر معاملے کو دیکھنا اور حل کرنا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ٹی آئی جمعے کو اپنے مطالبات حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی، پی ٹی آئی کے مطالبات اپنی اپنی قیادت کے سامنے رکھیں گے اور پھر مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ کریں گے۔