لکی مروت (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے . آئی ایس پی آر کے مطابق 27، 28 اپریل کی درمیانی رات، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے، ضلع لکی مروت میں مختصر وقت کے اندر مختلف مقامات پر دہشت گردوں کے تین حملوں کو پسپا کردیا .
لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی کے قریب موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا . سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے مؤثر انداز میں مقابلہ کیا اور 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا .
ضلع لکی مروت کے علاقے امیرکلام اور تاجبی خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ دو دیگر مقابلوں میں دہشت گرد کمانڈر موسیٰ خان سمیت مزید 3 دہشت گرد مارے گئے . ہلاک ساتوں دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا .
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائب صوبیدار تاج میر ، حوالدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد حسین شہید ہو گئے . آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے علاقوں میں آپریشن کلین اپ کیا جارہا ہے .