ڈیجیٹل مردم شماری میں اب تک 23 کروڑ 75 لاکھ افراد کو گنا جاچکا، ادارہ شماریات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ادارہ شماریات کی جانب سے ملک بھر میں جاری ساتویں مردم شماری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بریفنگ دی ہے۔ادارہ شماریات کے حکام نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ڈیجیٹل مردم شماری کے طریقہ کار اب تک کے اعداد و شمار سے متعلق بریفنگ دی اور صوبائی حکومتوں کے کردار سے متعلق آگاہ کیا۔
ادارہ شماریات نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت کم کوریج والے بلاکس کی بروقت نشاندہی کی گئی، سیاسی رہنماوں نے مردم شماری کے ڈیجیٹل سسٹم پر اعتماد کا اظہار کیا۔بتایا گیا کہ ساتویں مردم شماری میں ابتک 23 کروڑ 74 لاکھ 48 ہزار 241 افراد کو شمار کیا جا چکا ہے، سندھ میں پانچ کروڑ 41 لاکھ 38 ہزار 485 افراد کو شمار کیا گیا جبکہ پنجاب کی آبادی 11 کروڑ 64 لاکھ 42 ہزار 499افراد تک پہنچ چکی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق خیبر پختونخوا میں تین کروڑ 93 لاکھ 15ہزار 873 افراد کو گنا جا چکا ہے جبکہ بلوچستان میں ایک کروڑ ستانوے لاکھ تیرہ ہزار آٹھ سو تئیس افراد شمار کیے جا چکے ہیں۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی نے کہا کہ ہر صوبے میں الگ الگ اجلاس بلا کر بریفنگ دینے پر اتفاق ہوا ہے، محکمہ شماریات کے حکام ہر صوبے میں جاکر وہاں کی صوبائی حکومت اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو مردم شماری بارے آگاہ کریں گے۔