پی ٹی آئی سے مذاکرات وقت کا ضیاع ہے، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات نہیں شروع ہوتے اگر شرائط پہلے رکھ دیں تو پھر مذاکرات کا فائدہ کوئی نہیں ہوتا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ اس نے(عمران خان ) نے اس قسم کی باتیں کی ہوئی ہیں، پھر ہمیں کوئی شوق نہیں ہے اس سے بات کرنے کا، مولانا فضل الرحمان نے پہلے ہی کہا ہوا ہے کہ اس سے بات نہ کریں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مذاکرات کرنے ہیں، پی ڈی ایم کی باقی جماعتیں یہ سمجھنے ہر مجبور ہوگئی ہیں کہ یہ وقت کا ضیاع ہے، میں بھی یہی کہہ رہا ہوں کہ مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں یہ وقت کا ضیاع ہے۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ علیحدہ انتخابات کرانے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، مختلف اداروں میں اس وقت پاور اسٹرگل جاری ہے، کوئی عمران خان کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کے خوف سے انتخابات نہ ہونے کی بات درست نہیں، مقبولیت ہمیشہ یکساں نہیں رہتی اس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، عمران خان کو یہ خطرہ ہے کہ ان مقبولیت کم یا ختم نہ ہو جائے، بہرحال انتخابات ایک ہی دن ہی ہوں گے۔