عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ نے 10 فلم فیئر ایوارڈز جیت لیے


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواڑی‘ نے مختلف کیٹیگریز میں 10 فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کرلئے۔ نامور فلمساز سنجے لیلا بھنسانی کی فلم کو بیسٹ فلم، بیسٹ ڈائیریکٹر اور عالیہ بھٹ کو بیسٹ ایکٹریس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ہرشاوادھن کلکرنی کی فلم ’بدھائی ہو‘ کے اداکار راج کمار راؤ کو اپنی بہترین پرفارمنس پر بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔
بھارتی اداکارہ تبو اور بھومی پیدنیکر کو ’بھول بھلیاں 2‘ اور ’بدھائی ہو‘ میں پرفارمنس پر مشترکہ بیسٹ ایکٹریس (کریٹکس) کا ایوارڈ دیا گیا۔کریٹکس کیٹیگری میں اداکار سنجے مشرا کو فلم ’وادھ‘ میں بہترین پرفارمنس پر بیسٹ ایکٹر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
بیسٹ میل ڈیبیوٹ ایکٹر کا ایوارڈ ’جھنڈ‘ کے انکش گیدام اور بیسٹ فی میل ڈیبیوٹ ایکٹریس کا ایوارڈ آندریا کیویچوسا کو دیا گیا ہے۔اس موقع پر بالی وڈ انڈسٹری کے سینیر اداکار پریم چوپڑا کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔