حافظ نعیم جماعت اسلامی میں اُٹھنے والی آوازوں سے پریشان ہیں، مرتضیٰ وہاب
کراچی(قدرت روزنامہ) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن جماعت اسلامی میں اُٹھنے والی آوازوں سے پریشان ہیں۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پورے وثوق سےکہتاہوں حافظ نعیم الرحمٰن کراچی دشمنی کےایجنڈے پر ہیں۔ جماعت اسلامی کےدیرینہ اور سنجیدہ لوگ اُن کی باتوں اور ذہنی حالت کا نوٹس لیں۔
سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ ہی نے مردم شماری پر روزِ اول سےآواز بلند کی ہے۔پیپلزپارٹی کی وجہ سے حالیہ مردم شماری میں خامیوں کو درست کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کا لچھےدار بیانات میں عمران خان سےمقابلہ چل رہاہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت،سندھ حکومت ہی کراچی کی رونقیں بحال کررہی ہے۔
امیر جماعت پر تنقید کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ کل کےاجلاس میں بھی حافظ نعیم ہوم ورک کےبغیر بیٹھےبات کررہے تھے۔ بلدیاتی الیکشن میں اربوں روپےخرچ کرکے بھی حافظ نعیم مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔حافظ نعیم بلدیاتی الیکشن میں شکست پر جماعت اسلامی میں اُٹھنےوالی آوازوں سےپریشان ہیں۔اپنی قیادت، کارکنان کو شکست کا جواب دینے کے بجائے لسانی سیاسی انتشار پیدا کررہے ہیں۔