کراچی؛ لیاقت آباد میں عمارت میں آتشزدگی سے میاں بیوی اور تین بچے جھلس گئے
کراچی(قدرت روزنامہ) لیاقت آباد دس نمبر انڈر پاس کے قریب تین منزلہ رہائشی عمارت میں آتش زدگی کے باعث میاں بیوی اور تین بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔لیاقت لیاقت آباد کے علاقے دس نمبر انڈر پاس سریا مارکیٹ کے قریب پلاٹ نمبر 10/712 پر قائم تین منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، آگ کی اطلاع پر پولیس، رینجرز اور ایدھی کے رضاکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔
فائربریگیڈ کے عملے نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے نتیجے میں دو افراد اور تین خواتین زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پہلے عباسی شہید اسپتال اور وہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والو میں میاں بیوی اور ان کے تین بچے زخمی ہوئے، زخمیوں کی شناخت 50 سالہ سلیم اکرم الدین ان کی اہلیہ 48 سالہ امرین اور 3 بچے 18 سالہ حفظہٰ ، 12 سالہ مریم اور 14 سالہ سفیان کے ناموں سے کی گئی۔
ترجمان فائربریگیڈ کا کہنا ہے کہ تین منزل عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کا فوری طور پر موقع پر پہنچا تاہم عینی شاہدین نے فائرفائٹرز کو بتایا کہ زخمیوں کو پہلے ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا ، آگ دوسری منزل پر لگی تھی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، پہلی، دوسری اور تیسری منزل پر موجود پورا فرنیچر جل کر خاکستر ہوگیا۔فائربریگیڈ کی بروقت کارروائی سے اطراف کی عمارتیں محفوظ رہیں، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی تاہم تحقیقات کی جا رہی ہیں۔