مردم شماری میں 10 لاکھ گھر کم گنے گئے: مصطفیٰ کمال


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مردم شماری میں تقریباً 10 لاکھ گھروں کو کم گنا گیا۔کراچی میں ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب گھر ہی نہیں گنے تو انسانوں کو کیسے گنو گے۔
انہوں نے کہا کہ 51 ایسے سیشنز ہیں جو مردم شماری کے موضوع پر کیے گئے، 3 مہینوں سے خود کو گنوانے کے لیے پورے ملک کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا اور کہا آپ کی نشاندہی سے اور جگہوں کا بھی ہمیں پتہ چلا۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ہماری شکایت پر کچھ لوگ ناراض بھی ہوئے، سب نے شور مچانا شروع کر دیا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کا سودا کیا، ایم کیو ایم کے علاوہ کوئی بھی جماعت شہر کے ساتھ مخلص نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہماری نسلوں کے مسئلے پر بیان بازی ہو رہی ہے، کیا ہمارے علاوہ کسی نے نادرا اور کے الیکٹرک کو خط لکھا کہ ہمیں ڈیٹا دو۔
متحدہ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہماری باتیں انہوں نے ثبوت دیکھنے کے بعد ہی مانی ہیں، کچھ لوگ اربوں روپے لگانے کے بعد بھی میئر نہیں بن سکے۔