وزیراعظم شہبازشریف کی گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے . وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات کر دیں .


وزیراعظم نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نااہل حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم درآمد کرنے والا ملک بنا . انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل وکرم سے اس سال گندم کی گزشتہ 10 سالوں کی نسبت زیادہ پیداوار ہوئی، حکومت کے کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی کی بدولت شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا، آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے .
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے . وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی اور وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریدیں تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے، تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں .
اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی .

. .

متعلقہ خبریں