ازاد کشمیر

تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے: سردار تنویر الیاس


مظفر آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کے ٹیبل پر بیٹھنا چاہیے، حکومت میں ذمہ داریاں زیادہ بڑھ جاتی ہیں، حکومت کو چاہیے تمام پارٹیوں کو ٹیبل پر لے کر بیٹھے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ سیاسی قوتیں بیٹھ کر بڑے بڑے مسائل کا حل نکال سکتی ہیں، ڈائیلاگ میں کچھ لینا کچھ دینا ہوتا ہے، ہمارے دشمن پاک فوج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں، پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے، ہمیں اپنے ادارے کی ساکھ کو متاثر ہونے سے بچانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم اور فوج ایک پیچ پر ہیں، مسائل سیاسی ہیں اور اسکا حل مذاکرات ہی ہے، بڑی بڑی جنگوں کا حل مذاکرات ہی ہوتا ہے، مسلح افواج نے ہر مشکل وقت میں قوم کا سر بلند رکھا، دہشتگردی کی جنگ میں فوج نے بڑی قربانیاں دی، فوج کی قربانیوں کے باعث ملک میں امن قائم ہوا۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا، مسلح افواج نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود اراد یت کی حمایت جاری رکھی، کشمیریوں کی حمایت کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں