کھلاڑیوں سے کیا وعدہ پورا کرنے کیلئے 120 آلو کے پراٹھے بنانے پڑے، پریتی زنٹا


ممبئی(قدرت روزنامہ) معروف بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے ایک وعدے تحت آئی پی ایل فرنچائز کنگز الیون پنجاب کے کھلاڑیوں کیلئے 120 پراٹھے بنانے کا انکشاف کیا ہے۔
معروف بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں غیر معمولی دلچسپی رکھتی ہیں، پریتی زنٹا انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کنگز الیون پنجاب کی مالک ہیں جن کا شمار آئی پی ایل فرنچائز کے متحرک مالکان میں ہوتا ہے۔
حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے انکشاف کیا کہ سال 2009ء میں ہم ساؤتھ افریقا میں موجود تھے جہاں میں نے ٹیم کے کچن سٹاف کو آلو کے پراٹھے بنانا سکھائے کیونکہ وہاں کسی کو اچھے پراٹھے بنانا نہیں آتے تھے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے پراٹھے بناتا دیکھ کر کھلاڑیوں نے فرمائش کی کہ میں ان کیلئے بھی پراٹھے بناؤں جس پر میں نے وعدہ کیا کہ اگر ٹیم اگلا میچ جیت جاتی ہے تو سب کو آلو کے پراٹھے بنا کر کھلاؤں گی، پھر ٹیم اگلا میچ جیت گئی اور مجھے 120 آلو کے پراٹھے بنانے پڑے۔پریتی زنٹا نے مزید کہا کہ مجھے اس دن احساس ہوا کہ یہ لڑکے کتنا کھاتے ہیں جس پر شو میں موجود سابق انڈین کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اس دن 20 پراٹھے تو اکیلا عرفان پٹھان ہی کھا گیا تھا۔