لاہور(قدرت روزنامہ) فیصل آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ بہنوں پر مبینہ طور پر غیر انسانی تشدد کا انکشاف ہوا ہے . تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقے میں گھریلو ملازمہ دو بہنوں 12 سالہ ایمان فاطمہ اور 8 سالہ زہرہ اویس کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا .
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے مبینہ تشدد کے واقعے کا نوٹس لے لیا . اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد نے گھریلو تشدد کا شکار ملازمہ بہنوں ایمان فاطمہ اور زہرہ اویس کو تحویل میں لے لیا ہے . تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ بہنوں کو مالکان نے تھپڑ، مکوں، چھری، پائپوں اور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا .
دونوں گھریلو ملازمہ بہنوں کو مالکان چھوٹی چھوٹی باتوں پر بلاوجہ اکثر تشدد کا نشانہ بناتے تھے . دونوں ملازمہ بہنوں کےچہرے، بازو، کمر اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں . چیئرپرسن سارہ احمد کے مطابق تشدد کا نشانہ بنانے والے مالکان کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے . انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ بہنوں کا مکمل میڈیکل کروایا جائے گا اور انہیں مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا .