انوشکا شرما کے فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کیلئے دیے گئے آڈیشن کی ویڈیو وائرل


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما جنہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے ڈیبیو دینے سے قبل فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے لیے بھی آڈیشن دیا تھا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انوشکا کو اپنی فلم ’پی کے‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک راز کا انکشاف کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کے آغاز میں انوشکا شرما یہ کہتی ہیں کہ وہ آج ایک بڑا راز کھولنے والی ہیں۔اُنہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ میں نے 2007ء میں بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کے لیے آڈیشن دیا تھا۔
اسی ویڈیو کے اگلے حصّے میں فلم ’تھری ایڈیٹس‘کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی کو اس بڑے انکشاف کے بارے میں سن کر حیران ہوتے دیکھا جا سکتے ہیں۔


اس کے بعد وہ راج کمار ہیرانی اور عامر خان کو اپنا آڈیشن کلپ دکھاتی ہیں، جس میں وہ فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ سے گریسی سنگھ کا ایک مونولاگ پر اداکاری کرتے ہوئے نظر آرہی ہیں۔یہ ویڈیو کلپ دیکھ کر راجکمار ہیرانی اور عامر خان دونوں بہت حیران اور تھوڑے سے شرمندہ ہوتے نظر آئے۔
عامر خان نے یہ ویڈیو کلپ دیکھنے کے بعد طنزیہ انداز میں راجکمار ہیرانی سے کہا کہ بیچاری انوشکا نے اتنا اچھا ٹیسٹ دیا اور آپ نے اسے کاسٹ کرنے سے انکار کردیا۔جس کے بعد راجکمار ہیرانی نے کہا کہ بالکل صحیح کہا مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھا۔
یاد رہے کہ انوشکا شرما نے اپنے کیریئر کا آغاز 2008ء فلم’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کیا اور بعد ازاں وہ فلم ’بینڈ باجا بارات‘، ’اے دل ہے مشکل‘، ’سلطان‘، ’سوئی دھاگا‘، اور بہت سی سپر ہٹ فلموں میں نظر آئیں۔