بلاول بھٹو کا مزدوروں اور کسانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلانے کا عزم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ مزدوروں اور کسانوں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کے حقوق پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہو گی، مزدور خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام نے مینڈیٹ دیا تو ملک بھر کے محنت کشوں کے لیے بینظیر مزدور کارڈ لائیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ آج شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت اور پاکستان کے محنت کشوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عمران خان دور میں جتنا ظلم مزدوروں، کسانوں اور تنخواہ دار طبقے پر ہوا ملکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، انہوں نے پاکستان میں مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اپنے اے ٹی ایمز اور امیر طبقات کو نوازنے والی پالیسیوں کا خمیازہ اب ملک بھگت رہا ہے، پیپلز پارٹی آج غریب عوام کو عمران خان رجیم کی تباہیوں سے بچانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں پہلی بار مزدور پالیسی کا اجرا، ٹریڈ یونینز کے حقوق کو شہید بھٹو نے متعارف کرایا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مزدوروں کے حقوق و تحفظ کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے تنخواہوں اور پینشن میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا، بےزمین کاشتکارخواتین کو زرعی قطعات کا مالک بنانا عوامی حکومت کا کارنامہ ہے، ملک کے محنت کش طبقے زیادہ سے زیادہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر اسے مزید طاقتوربنائیں۔