مجھے یقین ہے 10 مئی تک فیصلہ، 14 کو انتخابات ہو جائیں گے، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ پورا ملک عدلیہ کے ساتھ ہے جسے تحریک انصاف ٹکٹ دے گی ہم اس کا ساتھ دینگے، مجھے یقین ہے کہ 10 مئی تک فیصلہ جبکہ 14 مئی کو انتخابات ہو جائیں گے۔
یوم مزدور کے موقع پر پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ کسی سیاست دان نے مزدور کے لئے کال دی ہے، شہباز شریف نے رمضان کے مہینے میں بھی 20 کروڑ روپے نہیں بخشے، 90 منسٹرز کا جمعہ بازار لگا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان چیف جسٹس کے ہتھوڑے کو ہندوؤں کا ہتھوڑا کہتا ہے، یہ سب عدلیہ کی طاقت کو نہیں سمجھتے، یہ سب نیب زدہ ہیں، عوام جان لے کہ یہ سب دوبارہ سے جیل جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ اس بار عمران خان حکومت بنائے گا اور یہ غریب کی حکومت ہوگی، کیوں کہ اگر کوئی نہیں بکتا تو غریب نہیں بکتا۔
سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہم حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، عدلیہ کے فیصلے پر ان کا باپ بھی عمل کرے گا۔