بدقسمتی سے پاکستان میں ملک دشمن قوتوں کا ایجنٹ نازل ہو گیا، سعید غنی


کراچی(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں ملک دشمن قوتوں کا ایجنٹ نازل ہو گیا ہے، وہ چاہتا ہے کوئی نظام ملک میں ٹھیک نہ چلے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی بدحالی کی وجہ سے مہنگائی ہے، مہنگائی کی چکی میں سب سے زیادہ غریب مزدور پس رہا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت جس نے مزدوروں کے لیے عملی طور پر کام کیے۔
سعید غنی نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے پیپلز پارٹی نے بہت کام کیا، سیاسی جماعتوں کو مزدوروں کی فلاح کے لیے مل کر سوچنا ہوگا، گزشتہ حکومت کی وجہ سے آج مزدوروں کو مہنگائی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا، عدلیہ، سیاسی جماعتوں کی ترجیحات کچھ اور ہیں، سیاسی جماعتوں کو مزدوروں کی فلاح کے لیے مل کر سوچنا ہو گا، آج ملک کے مزدوروں کا حال 1886 سے مختلف نہیں ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ مزدوروں کو بےشمار مسائل کا سامنا ہے، مزدور کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار ہے لیکن نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے صرف مزدوروں کے لیے باتیں کیں، بدقسمتی سے پاکستان دشمن قوتوں کا ایجنٹ نازل ہو گیا، وہ چاہتا ہے کوئی نظام ملک میں ٹھیک نہ چلے۔