منیلا(قدرت روزنامہ) فلپائن کے سب سے بڑے ایئرپورٹ پر بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں . بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہوسکی .
منیلا کے نینوئے ایکوئنو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی شب ٹرمینل تھری کو بجلی کی فراہمی اچانک معطل ہوگئی جس کی وجہ سے اندرون ملک کی 40 پروازیں منسوخ کرنی پڑیں .
منیلا الیکٹرک کمپنی، جو ایئرپورٹ کو بجلی فراہم کرتی ہے، نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بجلی کی رسد میں آنے والی رکاوٹ کو تلاش کیا جارہا ہے . فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے متعلقہ حکام کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر فضائی آپریشن جلد از جلد بحال کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں .