ایشیائی ترقیاتی بینک کا ’’کلائمیٹ چینج فنانسنگ‘‘ کے لیے نئے پروگرام کا اعلان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایشیائی ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ’’کلائمیٹ چینج فنانسنگ‘’ کے نئے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے کلائمنٹ چینج فنانسنگ پروگرام کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کو 15 ارب ڈالر تک کے نئے قرضے دیے جائیں گے۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ آئی ایف کیپ فنانسنگ پروگرام کے تحت 2030 تک 100 ارب ڈالرز کے فنڈز کا منصوبہ ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے مزید کہا ہے کہ ایشیاء پیسفک ریجن میں ایک سال سے جاری موسمیاتی آفات کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، ڈونرز ممالک کی جانب سے ہر ایک ڈالر کے بدلے 5 ڈالرز کا انتظام کیا جائے گا۔ متاثرہ ممالک کو 3 ارب ڈالرز کی گارنٹی کی صورت میں 15 ارب ڈالرز کے قرضے دیے جائیں گے۔
اس حوالےسے اے ڈی بی نے ڈنمارک، جاپان، کوریا، برطانیہ اور امریکا کو اہم ابتدائی پارٹنر قرار دے دیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ موسمیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے ان ممالک سے بات چیت جاری ہے، عالمی مالیاتی اداروں، نجی شعبے، مخیر اداروں سے بھی رابطہ ہے۔