کراچی؛ ہوٹل پر بیٹھے شہریوں کیساتھ ڈکیتی کی ایک اور واردات کی ویڈیو وائرل


کراچی(قدرت روزنامہ) نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں واقع چائے کے ہوٹل پر اسٹریٹ کرمنلز نے دھاوا بولا اور اسلحہ کے زور پر چند سیکنڈز میں لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل پر بیٹھے افراد کے عقب سے آنے والے موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان چند سیکنڈز میں 5 سے زائد شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
ایک ملزم موٹرسائیکل سے اترتے ہی اسلحہ نکالتے ہوئے شہریوں کے قریب آتا ہے جب کہ دوسرا موٹرسائیکل کے پاس موجود رہتا ہے۔ اس دوران ہوٹل پر کھڑا موٹر سائیکل سوار ایک شخص موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ جاتا ہے۔ملزمان واردات کے بعد اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شہر میں ہوٹل پر بیٹھے شہریوں کے ساتھ ڈکیتیوں کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ آئے روز مختلف علاقوں میں ہوٹل پر بیٹھے افراد کے ساتھ لوٹ مار کی ویڈیوز وائرل ہونے لگیں جب کہ شہری بڑھتے اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔