سونم کپور شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں پرفارم کریں گی؟


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کرنے والی واحد بھارتی نامور شخصیت ہیں۔سونم کپور کی شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے بارے میں خبر سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر ایک پیروڈی اکاؤنٹ نے اداکار کی ایک پرانی ریمپ واک کی ویڈیو شیئر کردی جسے دیکھ کر بہت سے لوگ اس غلط فہمی کا شکار ہوگئے کہ یہ ویڈیو اداکارہ کی تاجپوشی کی تقریب کے لیے پرفارمنس کی ہے۔
یہ ویڈیو کلپ اداکارہ کی 2019ء میں کی گئی ایک ریمپ واک کا ہے جہاں وہ اپنے ڈیزائنر لباس میں جلوہ گر ہوتے نظر آرہی ہیں۔سونم کپور کی ریمپ واک کے اس پرانے ویڈیو کلپ کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب سے منسلک کرنے پر شاہی مداحوں کی جانب سے غصّے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ’پہلی بات تو یہ کہ تاجپوشی 6 مئی کو ہے‘۔صارف نے لکھا کہ اور اداکارہ تاجپوشی کی تقریب کے دوران صرف چند الفاظ بول کر اپنی پرفارمنس دیں گی۔


صارف نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ اس کے علاوہ یہ کہ تاجپوشی میں ریمپ واک کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ’ریمپ واک کے اس ویڈیو کلپ کو تاجپوشی کی تقریب کے دوران پرفارمنس سمجھنا کافی مضحیکہ خیز ہے‘۔
واضح رہے کہ تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو منعقد کی جائے گی اور 7 مئی کو ایک کنسرٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس تقریب میں سونم کپور کے علاوہ، ٹام کروز، کیٹی پیری اور لیونل رچی بھی شرکت کریں گے۔