توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چودھری کو جواب جمع کرانے کیلئے آخری موقع


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دے دیا۔چیف الیکشن کمیشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت 4 رکن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔
فواد چودھری کے معاون وکیل مرزا آصف نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہو کر مؤقف اپنایا کہ کیس سندھ ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ممبر اکرام اللہ خان نے وکیل سے وکالت نامہ جمع کرانے کا پوچھا ؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ میں بطور پراکسی کونسل پیش ہورہا ہوں۔
ممبر کمیشن نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پھر کس حیثیت میں آپ بات کررہے ہیں؟ ایسے تو کوئی بھی منہ اٹھا کر آ جائے گا۔معاون وکیل نے حاضری لگانے کی استدعا کی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر انور منصور بطور پراکسی کونسل پیش ہوئے، 4 سماعتوں میں پراکسی کونسل پیش ہورہے ہیں، یہ کیس دوسرے توہین الیکشن کمیشن کے کیسز سے الگ ہے، آئندہ سماعت پر فواد چودھری پر چارج فریم کریں گے۔
وکیل نے جواب جمع کرانے کا موقع فراہم کرنے کا کہا تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بہت مواقع دئیے لیکن جواب جمع نہیں کرایا گیا۔الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کو جواب جمع کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔