اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے اختیارات کے تحفظ کے لئے آخری حد تک جائے گی . اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قانون سازی سے شفاف اور منصفانہ نظام دیا گیا ہے، پارلیمنٹ اپنے آئینی حقوق کا بھرپور تحفظ اور دفاع کرنے کا حق رکھتی ہے اور اپنے آئینی اختیار ات کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائے گی، اس کا قانون سازی کا آئینی اختیار کوئی نہیں چھین سکتا .
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا اختیار آئین وقانون کی تشریح کرنا ہے، آئین ’ری . رائیٹ‘ کرنا یا قانون سازی کے اختیار پر پابندی لگانا عدلیہ کا اختیار نہیں .
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پارلیمان نے وکلاء برادری، بار کونسلز اور ایسوسی ایشنز کے دیرینہ مطالبے پر قانون سازی کی، آرٹیکل 184 تین سے متعلق قانون سازی سے عدلیہ کے اختیار، آزادی وخود مختاری میں کوئی کمی نہیں کی گئی، بلکہ ’وَن مین شو‘ اور ’ امپیریل . کورٹ‘ جیسے اعتراضات ختم کئے گئے، اب سپریم کورٹ کے تین سینئر ججز مشاورت سے یہ اختیار استعمال کریں گے .