(ن) لیگ تیار ہو یا نہ ہو انتخابات الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تیار ہو یا نہ ہو انتخابات الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں، جس جماعت نے حصہ لینا ہے لے جس نے نہیں لینا نہ لے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کئی سال گزر گئے احتساب عدالت میں نیب کا تماشا لگا ہوا ہے، نیب قوانین میں جعلی کیسز کو ختم کرنے کی گنجائش موجود ہے، نیب عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو سماعت دیکھنی چاہیے، نیب کے تماشوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ غریب لوگ پندرہ، پندرہ سال سے جیلوں اور عدالتوں میں پھر رہیں ہیں، سب کی زندگیاں مفلوج ہیں مگر نیب اپنی جگہ قائم ہے، اس ادارے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں ورنہ یہ ملک کو جڑ سے اکھاڑ دے گا، نیب کیسز دیکھ کر ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے نیب قانون بنایا جس کو ہم تبدیل نہیں کر پاتے، ہم جب قانون تبدیل کرتے ہیں تو سپریم کورٹ نوٹس لے لیتا ہے، سیاست دان گزشتہ 24 سال سے اس قانون سے متاثر ہو رہے ہیں، نیب وہ ادارہ ہے جس نے ملک کے نظام کر تباہ کر دیا ہے، عمران خان ان اداروں کو کیسز بنانے کیلئے استعمال کر رہے تھے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کروانا مسلم لیگ (ن) کا کام نہیں ہے، دونوں بار بدنیتی میں مذاکرات ہوئے ہیں، دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہوتا ہے، آج بات ملک کی ہے، عمران خان کے پاس پونے 4 سال تھے، پنجاب کی کرپٹ ترین حکومت بزدار کی حکومت تھی۔