مذاکرات کا وقت بدلنا بھی مزید ایک دن ضائع کرنے کے مترادف ہے: شیخ رشید


لاہور (قدرت روزنامہ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات کا وقت بدلنا بھی مزید ایک دن ضائع کرنے کے مترادف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جب نیت خراب ہو تو بدنیتی کے فیصلے کئے جاتے ہیں، پہلے ہی کہہ چکا ہوں مئی اہم ہے، 10 مئی تک پتہ لگ جائے گا، آر ہوگا یا پار ہوگا، حکومت منظم سازش کے تحت عدلیہ کو نشانہ بنا رہی ہے، عدلیہ جیتے گی، آئین اور قانون جیتے گا، الیکشن ہو کر رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، بلاول مغرب کی پالیسی اور حنا ربانی مشرق کی بات کر رہی ہیں، ن لیگ مذاکرات پر بھی انتشار کا شکار ہے، موجودہ حکومت کی ہر شعبے میں نااہلی عیاں ہوچکی، حساس اداروں کو احساس ہے اب سیاست کا نہیں ریاست کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔


شیخ رشید نے لکھا کہ آئی ایم ایف کی ساری شرائط غریب عوام پر لگ چکی ہیں نتیجہ صفر ہے، آئی ایم ایف سے جھنڈی ہے، دوست ممالک ہاتھ نہیں پکڑا رہے، عباسی کے آٹے میں 20 ارب روپے غبن کے الزام پر وزیراعظم تحقیقات کا حکم دیں، فیصلہ ہونا چاہیے بکتر بند گاڑیاں کس کے حکم پر گھروں کے دروازے ٹوڑتی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بھائی وزیراعظم ہے تو نوازشریف کو آنے سے کون روک رہا ہے، ہنگامی بنیادوں پر محکمہ اوقاف نے 4 تاریخ کو لاہور میں لال حویلی کا کیس لگایا ہے۔