پاکستانی فری لانسرز اب گھر بیٹھے روپیہ اور ڈالر میں اکاؤنٹ کھول سکیں گے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے ‘فری لانس ڈیجیٹل اکاوٴنٹ و کارڈ’ سہولت کا اجرا کردیا ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فری لانسرز روپیہ اور ڈالر میں ڈیجیٹل اکاوٴنٹ کھول سکیں گے . اس سلسلے میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ممبر آئی ٹی سید جنید امام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ صدر و سی ای او بینک آف پنجاب ظفر مسعود و دیگر حکام اور بڑی تعداد میں فری لانسرز شریک ہوئے .


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر آئی ٹی سید جنید امام نے کہا اب فری لانسرز گھر بیٹھے روپیہ اور ڈالرز میں اکاوٴنٹ کھول سکیں گے، آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں فری لانسرز کے اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ 15 ارب ڈالرز تک لے جانے کے لیے کوشاں ہیں . انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر 15 ارب ڈالرز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے جہاں وزارت آئی ٹی اپنا کردار ادا کررہی ہے وہیں کمرشل بینکوں کو بھی چاہیے کہ وہ آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کے لیے سہولیات اور اپنی بینکنگ مصنوعات متعارف کروائیں .
ان کا کہنا تھا کہ کمرشل بینکوں کی جانب سے سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث بہت سی آئی ٹی کمپنیوں نے اپنے اکاوٴنٹس بیرون ممالک کھلوا رکھے ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کو زرمبادلہ کے بڑے نقصان کا سامنا ہے . سید جنید امام نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کے مسائل کے حل اور انھیں زیادہ سے زیادہ مراعات دینے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں .
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر و سی ای او بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے کہا کہ فری لانس ڈیجیٹل اکاوٴنٹ و کارڈ پراڈکٹ فری لانسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بنائی گئی ہے .
اپنے خطاب میں چیف کمرشل آفیسر ذیشان خٹک نے کہا پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی انڈسٹری کو مکمل سپورٹ فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے . فری لانس ڈیجیٹل اکاوٴنٹ و کارڈ کی تقریب اجرا سے ’ اگنائٹ ‘ کے سی ای او عاصم شہریار نے بھی خطاب کیا .

. .

متعلقہ خبریں