نواز اور شہباز کی صحیح نمائندگی خواجہ آصف کر رہے ہیں: پرویز الہٰی


لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب، پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف ن لیگ، نواز شریف اور شہباز شریف کی صحیح نمائندگی کر رہے ہیں، انہوں نے اصل چہرہ دکھایا ہے کہ ہم یہ ہیں اور ہم ججز کو یہ سمجھتے ہیں۔گجرات میں عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کا گراونڈ رئیلٹی سے رابطہ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں ورغلا کر مذاکرات اور ان کے ساتھ انتقامی کاروائیاں بھی کریں گے، جو کچھ ہو رہا ہے میں اور میری قیادت سب سمجھ رہے ہیں۔چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ محسن نقوی جھوٹ کی بنیاد والے وزیرِ اعلیٰ ہیں، اب کوئی دیر نہیں ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آ گیا ہے، سب کلیئر ہو جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ یہ ایکسپوز ہوں، یہ حکومت بھی کر رہے ہیں اور اپوزیشن بھی۔صحافی نے پرویز الہٰی سے سوال کیا کہ جو مذاکرات چل رہے ہیں کیا وہ کامیاب ہو جائیں گے؟چوہدری پرویزالہٰی نے جواب دیا کہ نواز شریف، شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو دیکھتے ہوئے سمجھتا ہوں کہ یہ منافقوں کا ٹولہ ہے۔