کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوب رو اداکارہ عائشہ عمر نے شادی ناکام ہونے کی اصل وجہ آگاہی و شعور کو قرار دے دیا . جیو ٹی وی کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کرتے ہوئے عائشہ عمر نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کیسا جیون ساتھی چاہیے جبکہ ایک سوال کے جواب میں آگاہی و شعور کو بڑھتی ہوئی طلاقوں کی وجہ قرار دے دیا .
تابش ہاشمی نے عائشہ عمر سے سوال کیا کہ انہیں اپنے ہونے والے جیون ساتھی میں کس طرح کی خوبیاں درکار ہیں؟اداکارہ نے بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا ہونے والا شوہر دل کا اچھا ہو ، وہ اپنے کھانے پینے اور صحت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کا بھی خیال رکھے اور اس کا قد بھی لمبا ہونا چاہئے .
تابش ہاشمی نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ شادی ایک اچھی چیز ہے اور یہ ہونی چاہیے اور اسے نبھانا چاہیے، وجہ کیا ہے کہ آج کل طلاق کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، لوگوں میں صبر و برداشت ختم ہوگئی ہے یا انہیں شعور و آگاہی مل گئی ہے؟
View this post on Instagram
تابش ہاشمی کے سوال پر عائشہ عمر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ شادی ایک اچھی چیز ہے اور بالکل ہونی چاہیے اور اسے چلانا بھی چاہیے لیکن آج کل لوگوں میں اپنے حقوق کے حوالے سے آگاہی اور شعور زیادہ آگئی ہے .
انہوں نے کہا کہ آج کل برداشت بھی کم ہوگئی ہے لیکن پہلے جو چیزیں عام تصور کی جاتی تھی اب اس حوالے سے آگاہی آگئی ہے کہ کیا غلط ہے اور کیا صحیح ہے، مثال کے طور پر پہلے کہا جاتا تھا کہ صرف ایک تھپڑ ہی تو مارا ہے، صبر کر لو، لیکن اب سوال کیا جاتا ہے کہ کیوں مارا ہے .
انہوں نے مزید کہا کہ آج کل کمیونیکیشن کی بھی کمی ہوگئی ہے، اگر کسی جوڑے کے درمیان کسی چیز کو لے کر غلط فہمی پیدا ہوجائے تو اسے بات کرکے صبر و برداشت سے اس غلط فہمی کو دور کیا جانا چاہئے چھوٹی چھوٹی باتوں پر رشتے ختم نہیں کرنے چاہیے .