کراچی کی آبادی میں 1 دن میں 1لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ
کراچی (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کا عمل جاری ہے، کراچی کی آبادی میں 1 دن میں 1 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ سامنے آیا ہے۔ڈائریکٹر ادارۂ شماریات سندھ منور گھانگرو کے مطابق کراچی کی اب تک کی آبادی 1 کروڑ 80 لاکھ افراد سے زائد ہو گئی ہے، گزشتہ روز کراچی کی آبادی 1 کروڑ 79 لاکھ 65 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نئے اضافے کے بعد کراچی میں ضلع وسطی آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع بن گیا جہاں کی آبادی 34 لاکھ 42 ہزار 48 افراد تک پہنچ گئی۔ڈائریکٹر ادارۂ شماریات سندھ نے بتایا کہ کراچی میں ضلع جنوبی آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا ضلع ہے، جہاں کی آبادی 18 لاکھ 24 ہزار 67 نفوس پر مشتمل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر کی آبادی 22 لاکھ 17 ہزار 37 تک پہنچ گئی، ضلع کورنگی کی آبادی 29 لاکھ 28 ہزار 856 ہو گئی ہے۔
ڈائریکٹر ادارۂ شماریات سندھ نے بتایا کہ ضلع کیماڑی کی آبادی 21 لاکھ 80 ہزار 243 افراد پر مشتمل ہے، ضلع شرقی کی آبادی 31 لاکھ 71 ہزار 284 ہے۔ڈائریکٹر ادارۂ شماریات سندھ منور گھانگرو نے یہ بھی بتایا کہ ضلع غربی کی آبادی 22 لاکھ 75 ہزار 966 تک پہنچ گئی ہے۔