بشریٰ عمران نکاح کیس؛ عون چوہدری کی بطور گواہ طلبی کی درخواست منظور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مقامی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح سے متعلق کیس میں عون چوہدری کی بطور گواہ طلبی کی درخواست منظور کرلی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، جس کے مطابق عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح کے خلاف کیس میں عون چوہدری کو بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح خواں مفتی سعید پہلے ہی اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں جب کہ عدت کے دوران نکاح کے اس کیس میں عون چوہدری بطور گواہ پیش ہوں گے۔
کیس کی گزشتہ سماعت پر وکیل راجا رضوان عباسی نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عون چوہدری بہت اہم گواہ ہے، عدالت بیان قلمبند کرنے کے لیے طلب کرے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔