بحران سے نکلنے کا راستہ الیکشن ، سیاست کا مسئلہ سیاستدانوں نے خود حل کرنا ہے: سراج الحق
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو ہمیں الیکشن ہی کی طرف جانا ہے ، سیاست کا مسئلہ سیاستدانوں نے خود حل کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، ان پر مقدمے کیخلاف سپریم کورٹ آئے ہیں، امید ہے کہ عدالت سے ہمیں انصاف ملے گا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتشار ہے اور اس افراتفری کاسب سے زیادہ نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے، پارلیمان اور عدالت آمنے سامنے ہے، ججز کے درمیان اختلافات ختم کرنا ان کی اپنی ذمہ داری ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ الیکشن سےمتعلق متفقہ تاریخ کیلئے مزید رابطوں کی ضرورت ہے ، ہم نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے بعد تاریخ طے کرلیں جب تمام حجاج کرام واپس آجائیں گے، جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزید رابطے جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی بدحالی کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تماشا بنا ہوا ہے ، چاہتے ہیں آئندہ الیکشن دھاندلی سے پاک ہو۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری اورگوادر میں دو ماہ تک دھرنے اور احتجاج کی قیادت کرنے والے ”حق دو“ تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمان کو 13 جنوری کو بلوچستان پولیس نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ عدالت میں خود گرفتاری دینے کیلئے داخل ہورہے تھے ، ان کے خلاف قتل، اقدام قتل، لوگوں کو تشدد کے لیے اکسانے اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔