ہندوستان میں اس وقت کسی بھی مذہب و مسلک کے لوگ محفوظ نہیں، طاہر اشرفی
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک کے رہنماؤں سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اجلاس میں شریک نہ ہوں، ہندوستان میں اس وقت کسی بھی مذہب و مسلک کے لوگ محفوظ نہیں۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مقبوضہ کشمیر پر مؤقف بڑا واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مسلمانوں کو عبادت سے روکا گیا، مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے اور اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان جی 20 ممالک کے اجلاس کو مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرنے کی سازش کر رہا ہے، عالمی برادری کو ردعمل دینا چاہیے۔پاکستان علما کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ سعودی عرب سمیت جی 20 ممالک میں شامل تمام ممالک ہماری اپیل پر غور کریں۔