موبائل فون اور کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی ازخود ختم ہوگئی، ایف بی آر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 31 مارچ تک عائد ہوئی تھی جو ازخود ختم ہوگئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈائریکٹ جنرل کسٹمز اینٹلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
دورے کے موقع پر انہوں نے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی اور ڈی جی کسٹمز اینٹلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن و دیگر متعلقہ افسران نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل فون اور کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 31 مارچ تک عائد ہوئی تھی جو ازخود ختم ہوگئی، ایف بی آر کسی بھی وقت موبائل فون اورکاروں پرریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دے گا۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ فوری طور پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے کا نوٹیفکیشن کرنےکی ضرورت نہیں کیونکہ کاریں اور موبائل فونز درآمد نہیں ہورہے، موبائل فونز اور کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانےکا فیصلہ وزارت تجارت کرتی ہے، جیسے ہی وزارت تجارت کہے گی ہم نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔