بلاول کا دورہ بھارت، پی ٹی آئی رہنماؤں کے متضاد بیانات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورہ بھارت پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کے متضاد بیانات سامنے آئے۔فواد چوہدری نے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی محبت میں مبتلا حکمران مودی کو خوش کرنے کیلئے ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کے نزدیک کشمیریوں، مسلمانوں اور اقلیتوں پر مظالم کی کوئی اہمیت نہیں۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کے دورے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کے بھارت جانے میں کوئی حرج نہیں۔ پاکستان ایس سی او کا ممبر ہے۔افتخار درانی نے بیان دیا کہ آرٹیکل370 اور 35-اے کی بحالی تک پاکستان کو بھارت سے تعلقات نہیں رکھنے چاہئیں، حکومت نے آج بھارتی مؤقف کی تائید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کام ویڈیو لنک پر ہو سکتا تھا اس کے لیے بھارت جانے پر بلاول زرداری کو شرم کرنی چاہیے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر بھارت کے شہر گووا پہنچ گئے۔
وزارت خارجہ کا اعلیٰ سطح وفد بھی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔پاکستان میں سابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے بلاول بھٹو کا گووا میں استقبال کیا۔ جے پی سنگھ اب بھارتی وزارت خارجہ میں پاکستان افغانستان اور ایران چیپٹر کے نمائندہ خصوصی ہیں۔