اسلام مخالف فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز، تامل ناڈو میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری


کیرالہ(قدرت روزنامہ) اسلام مخالف متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز کے پیش نظر بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پولیس فورس کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا ذرائع نے پولیس کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ اطلاعات کے مطابق فلم کی ریلیز پر کچھ گروپوں نے احتجاج کا پروگرام بنایا ہے۔
پولیس آفیشل کے مطابق کچھ گروپ پولیس کے پاس فلم پر پابندی کیلئے پہنچے ہیں لیکن حکومت نے اس پر پابندی نہیں لگائی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہم نے پولیس فورس کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔بالی ووڈ کی مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈے کیلئے بنائی گئی فلم ’دی کیرالا اسٹوری‘ کل (5 مئی کو) بھارت کے سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ بھارتی ریاست کیرالہ کے وزیراعلیٰ پینارائے وجئے ین سمیت کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے اسے ’پروپیگنڈا‘ قرار دے دیا ہے۔
فلم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیرالہ سے تقریباً 32 ہزار خواتین گمشدہ ہیں اور یہ خواتین اسلام قبول کرنے کے بعد داعش میں شامل ہوگئی ہیں اور بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔
انتخابات سے قبل فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز بھارتی انتہا پسندوں کا اسلام مخالف پروپیگنڈا ہے جس کی ریلیز کو روکنے کیلئے بھارتی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی تاہم عدالت نے سماعت سے انکار کر دیا ہے۔