سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں القاعدہ اور ٹی ٹی پی کھیارہ گروپ کا انتہائی مطلوب اور سری لنکن ٹیم پر حملے میں ملوث دہشتگرد اقبال عرف بالی کھیارہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشتگرد اقبال عر ف بالی کھیارہ پولیس پر حملے کے بعد جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ساتھی سمیت فتح موڑ کے قریب ہلاک ہوا۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کی 26 وارداتوں میں خیبرپختونخواہ اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا اور اقبال عرف بالی کھیارہ کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے1 کروڑ 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اقبال عرف بالی کھیارہ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ اسماعیل خان کو دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں اور اہل تشیع مکتب سے تعلق رکھنے والے افراد کوتاوان کی غرض سے اغوا کے 21 جبکہ ملتان پولیس کو 5مقدمات میں مطلوب تھا۔
ڈیرہ پولیس حکام کے مطابق اقبال عرف بالی حالیہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹراما سنٹر خود کش دھماکے میں بھی ملوث تھا جبکہ وہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں بھی ملوث تھا۔