عالمی دنیا

پوائنٹ اسکورنگ کیلیے دہشتگردی کو ہتھیار نہ بنائیں؛ بلاول کا بھارت میں خطاب


نئی دہلی(قدرت روزنامہ) بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت پہنچے جہاں ان کا استقبال بھارتی ہم منصب نے کیا۔بلاول بھٹو نے وزرائے خارجہ کی کونسل (CFM) سے خطاب میں رکن ممالک پر زور دیا کہ اپنے اپنے عوام کی اجتماعی حفاظت ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ دہشت گردی کو سفارتی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے سے گریز کریں۔


بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ریاستوں کی طرف سے بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات ایس سی او کے مقاصد کی خلاف ورزی ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جب بڑی طاقتیں امن سازی میں کردار ادا کرتی ہیں تو ہم اپنے لوگوں کے لیے وسیع تر تعاون، علاقائی یکجہتی اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرتے ہوئے امن کی صلاحیت کو کھول سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے پاکستان کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں میری موجودگی سے پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میں خاص اہمیت کی جانب اشارہ ہے۔

متعلقہ خبریں