بنیادی طور پر پولیس ہماری ملزم ہے، فرخ حبیب


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بنیادی طور پر پولیس ہماری ملزم ہے۔پارٹی رہنما مسرت جمشید چیمہ اور شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ جےآئی ٹی ممبران کے ساتھ ہم نےتعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد تھے تو بکتر بند گاڑیوں سے زمان پارک پر دھاوا بول دیا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین کی اہلیہ بشریٰ بی بی گھر میں اکیلی تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر پولیس ہماری ملزم ہے، جن تین مقدمات میں پولیس تفتیش کرنے آئی تھی، اس میں یہ ہماری ملزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 14 مارچ کو 26 گھنٹے عمران خان کے گھر پر حملہ آور رہے، ان کا پروگرام عمران خان کو قتل کرنے کا تھا۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ وارنٹ تو گوجرانوالہ اے ٹی سی سے رانا ثناء اللّٰہ کے بھی جاری ہوئے تھے، لیکن وہ کہتے تھے کہ رانا ثناء ہمیں نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملزم ہیں، اس کے باوجود خان صاحب نے خندہ پیشانی سے موقف سامنے رکھا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین قوم کی آخری امید ہیں، انہوں نے اس ملک کو چھوڑ کر نہیں جانا۔
اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم اپنے لیڈر کے ساتھ ہیں، کل عمران خان آئین شکن ٹولے کے خلاف ریلی نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیشیاں بھگت بھگت کر عمران خان کی ٹانگوں کے زخم ہرے ہوچکے ہیں۔