تربوز خراب کیوں نکلا ؟ گاہک نے دکاندار پر گولیاں برسا دیں
لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور کے علاقے سبزہ زار میں تربوز خراب نکلنے پر گاہک نے دکاندار پر فائرنگ کردی جس سے دکاندار شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سبزہ زار میں کھاڑک نالے کی چوکی والی پلی پر پیش آیا جہاں ایک گاہک نے تربوز خراب نکلنے پر دکاندار سے شکوہ کیا ۔
دکاندارکے تلخ لہجے میں جواب دینے پر گاہک طیش میں آگیا اور اس نے دکاندار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان دار عابد کو سینے پر تین گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو موقع پر پہنچ گئے اور دکاندار کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق فائرنگ کےبعد ملزم فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔