لاہور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ بلاول بھارت سے سوائے ذلت کے اور کیا لایا ہے؟لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورۂ بھارت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ بغیر بھارت کے کوئی ہاتھ بڑھائے، یہ وہاں پہنچ گئے . وہاں پہنچ کر بھی بھارت نے ہاتھ نہیں بڑھایا یہ نمستے کرکے آ گئے .
یہ صرف بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا چاہ رہے ہیں کہ دیکھیں ہم کتنے تابع دار ہیں . بلاول انڈیا سے سوائے ذلت کمانے کے اور کیا لے کر آیا ہے؟ .
انہوں نے کہا کہ یہ جو ہمارا آئینی مطالبہ ہے الیکشن کا اس سے پیچھے ہٹانے کی کوشش ہے . جو لوگ کہتے تھے کہ اگر ایک دن الیکشن نہ ہوا تو پتا نہیں کیا ہو جائے گا، ان کے سامنے یہ چیز رکھی گئی کہ الیکشن اگلے مالی سال میں ہو گا اور ایک ہی دن ہو گا، یہ وہ بھی ماننے کو تیار نہیں .
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ عوام کا سامنا نہیں کر سکتے . کل اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح ہدایت دیں کہ ہمارا آئینی حق ہے ہمیں ریلی کی اجازت دی جائے، آج صبح ڈی سی نے اجازت معطل کر دی . یہ خود بھی ڈوبیں گے ساتھ ملک کو بھی لے کر ڈوب رہے ہیں . اب ان کے اپنے اندر بھی دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں . آج عمران خان کی کال پر لاہور سمیت پورے پاکستان میں لوگ نکلیں گے . دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ ہیں یا وزیر سیر و تفریح ہیں . یہ اپنی کیٹ واک کے لیے بھارت گئے .