یو یو ہنی سنگھ کی اداکارہ نصرت بھروچا کیساتھ ڈیٹنگ کی افواہیں


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی معروف میوزک پروڈیوسر، ریپر، گلوکار، نغمہ نگار اور اداکار یو یو ہنی سنگھ نے ڈیٹنگ کے لیے نئی گرل فرینڈ ڈھونڈ لی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ آج کل ہنی سنگھ بالی ووڈ اداکارہ نصرت بھروچا کے ساتھ ڈیٹنگ میں مصروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اِن دونوں فنکاروں کو گزشتہ دنوں ایک پارٹی کے اختتام پر ہاتھ پکڑے دیکھا گیا جس کے بعد اِن کی ڈیٹنگ کی افواہیں مزید پھیل گئی ہیں۔دوسری جانب اِن افواہوں پر اداکارہ بھروچا کی جانب سے اب ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
اداکارہ نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔حالیہ انٹرویو میں نصرت بھروچا نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی ڈیٹنگ افواہ ہے کیونکہ اس سے پہلے ان کا کسی سے کوئی تعلق نہیں رہا ہے۔
اس دوران نصرت بھروچا کا طنزیہ انداز میں یہ بھی کہنا تھا کہ اب وہ کم از کم یہ دعویٰ کر سکتی ہیں کہ ان کے اور یو یو ہنی سنگھ کے درمیان افواہوں کا تعلق ہے۔واضح رہے کہ گلوکار ہنی سنگھ کی گزشتہ سال ستمبر میں اپنی اہلیہ شالنی تلوار سے طلاق ہو گئی تھی، ہنی اور شالنی کا رشتہ تقریباً 11 سال بعد طلاق پر ختم ہوا۔
ہنی سنگھ نے اس طلاق کے محض تین ماہ بعد ہی نئی گرل فرینڈ بنا لی تھی۔بعد ازاں ہنی سنگھ کا یہ رشتہ بھی زیادہ دیر نہ چل سکا اور انہوں نے ٹینا تھڈانی سے گزشتہ ماہ بریک اپ کرلیا تھا۔