پنجاب

پاکستان میں جلد انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، عمران خان


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جلدانتخابات ہی مسائل کاحل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے کینیڈاکی اپوزیشن پارٹی کے سربراہ پیٹرک براؤن نے زمان پارک میں ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سیاسی صورت حال اورمعاشی پالیسوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جلد انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں سب کے لیے یکساں قانون ہو، حکمران انتخابات سے خوفزدہ ہیں، انتخابات کا راستہ روکنے کے لیے حکمران آئین شکنی کاراستہ اختیارکر رہے ہیں۔ گزشتہ روز لکشمی چوک میں پی ٹی آئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے دو دفعہ قتل کرنے کی کوشش کی گئی، مجھ پر حملہ ہوا کسی کو کوئی پروا نہیں۔
قوم کا نقصان ہورہا ہے ان کو کوئی پروا نہیں، جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے، آئندہ ہفتے سے 14مئی تک جلسے کروں گا، 14مئی کو الیکشن نہیں ہوئے تو سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف نے اسپیشل پاور آف اٹارنی تیار کرلی، جس میں عمران خان نے عدالتی کارروائیوں کیلئے اپنے متبادل کے طور پر وکیل نعیم پنجوتھہ کو نامزد کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک بھر میں عدالتی کارروائیوں کیلئے پاور آف اٹارنی کی کاپی نعیم پنجوتھہ کو فراہم کر دی، نعیم پنجوتھہ کو تمام عدالتوں میں درخواستیں، اپیلیں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کرنے کا اختیار ہو گا، عمران خان نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کے باعث سول اور فوجداری مقدمات میں عدالت پیش نہیں ہو سکتا،نعیم پنجوتھہ میری طرف سے عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جاری نیب نوٹسز کو خلاف قانون قرار دے دیا، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کی نیب طلبی کیس کا فیصلہ جاری کیا، عدالت نے فیصلہ میں قرار دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بھیجے گئے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، 17 فروری اور 16 مارچ کے نوٹسز قانون کے مطابق نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں