اعتراض کے باوجود یوسی 13 کے پولنگ اسٹیشنز تبدیل کر دیے گئے: حافظ نعیم


کراچی (قدرت روزنامہ)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہمارے بار بار اعتراض کرنے کے باوجود بھی یوسی 13 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو تبدیل کر دیا گیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ پولنگ اسٹیشنز میں ڈبے تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور پولیس بھی اس عمل میں ملوث ہے۔
اُنہوں نے دھاندلی کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ لوگوں نے جماعت کو ووٹ دیا ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان صاحب سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی ساکھ بحال کریں، آپ اچھا کام کریں گے تو ہم آپ کی تعریف کریں گے، شہر کا ٹرینڈ سب کو معلوم ہے، ہم کسی کو بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ فارم 11 اور 12 پر ابھی سے سائن کروایا جا رہا ہے، یہ ایسی ہی تیاریاں کریں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ لوگ ان کو ووٹ نہیں ڈالتے ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم کوئی جعلی نتیجہ نہیں مانیں گے، جو اصل نتیجہ ہو گا وہی مانا جائے گا۔