مقدمہ نہیں سنا گیا تو باہر کی عدالتوں میں جائیں گے: فاروق ستار


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مقدمہ عدلیہ، ایوانوں، ریاستی اداروں کے سامنے رکھا جا رہا ہے، آخری بار آئینی، ریاستی اداروں کے سامنے مقدمہ درج کروا رہے ہیں۔حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر 74 سال میں بھی مقدمہ نہیں سنا گیا تو پھر ہم پاکستان سے باہر کی عدالتوں میں جائیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمیں سنا نہیں جا رہا، گنا نہیں جا رہا، ہمارے ہاں لوگ صرف مر رہے ہیں، پیدا نہیں ہو رہے، صرف لاڑکانہ میں پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدر آباد ڈویژن میں شہری آبادی 20 سے 50 فیصد کم کر دی گئی، ہمارے آباؤ اجداد نے ملک بنایا، ہم سے ملک اور شناخت چھینی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ جیکب آباد، کشمور کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، کراچی حیدر آباد میں آبادی کم کیوں ہو رہی ہے؟ یہ مقدمہ سندھ کا نہیں پاکستان کا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم سے سب کچھ لے لیا، شناخت لینا چاہتے ہیں لیکن اس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔