شیخ رشید کا سیاسی جینا حرام کر دیں گے: ناصر بٹ


لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنماء اور امیدوار برائے پی پی 16 ناصر بٹ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید ابن الوقت آدمی ہیں، ہم ان کا سیاسی جینا حرام کر دیں گے۔ناصر بٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماء سجاد خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید لال حویلی میں چند دن کے مہمان ہیں، یہ واپس سڑک پر آئیں گے، ان کا سیاسی جنازہ لال حویلی کے سامنے نکلے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے نواز شریف کے نام پر ووٹ لیے اور بے وفائی کی تاریخ رقم کی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک ہوئی جس میں وہ ٹکٹ کے لیے اپنے والد کی محنت کا ذکر کر رہا ہے۔ناصر بٹ نے کہا کہ آڈیو سے معلوم ہوا کہ ٹکٹ 1 کروڑ 20 لاکھ روپے میں بیچا گیا، اس وقت کے چیف جسٹس اور کرتا دھرتاؤں نے عوام سے ہنستا بستا پاکستان چھین لیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ انصاف شریف فیملی کے ساتھ ہو رہا تھا، ملک کو اس حال میں پہنچانے والوں کو کیفرٍ کردار تک پہنچایا جائے۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ ظلم نواز شریف کے ساتھ نہیں 16 کروڑ عوام کے ساتھ کیا گیا، بتایا جائے نواز شریف کو انصاف کون دے گا؟
ناصر بٹ نے یہ بھی کہا کہ پارٹی جس کو ٹکٹ دے گی ہم سب اسے تسلیم کریں گے، پارٹی نے جسے ٹکٹ دیا میں سب سے پہلے اس کے گھر جاؤں گا۔