تنخواہیں نہ بڑھنے پر 100 ایف بی آر افسران نے چھٹیوں کی درخواست دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تنخواہیں نہ بڑھنے پر ایف بی آر کے 100 سے زائد افسران نے چھٹیوں کی درخواستیں جمع کرا دیں۔ایف بی آر افسران نے تنخواہیں نہ بڑھنے پر آج سے 30 جون تک چھٹیوں کی درخواستیں دی ہیں۔ان افسران میں ایف بی آر کے اِ ن لینڈ ریونیو کے گریڈ 17، 18اور 19 کے افسران شامل ہیں۔
دوسری جانب ایف بی آر ملازمین نے دھمکی دی ہے کہ 150 فیصد ایگزیکٹیو الاؤنس اور تنخواہیں نہ بڑھائیں تو مزید سخت ردِ عمل کا اظہار کیا جائے گا۔ایف بی آر ملازمین کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم آفس، سپریم کورٹ اور دیگر کئی اداروں میں تنخواہیں 100 گنا زیادہ ہیں۔
چھٹی کی درخواستوں میں ایف بی آر کے افسران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تنخواہیں کم ہونے کے باعث گھریلو اخراجات قابلِ برداشت نہیں رہے۔ایف بی آر ملازمین نے چھٹی کی درخواستوں میں مؤقف اپنایا ہے کہ مہنگائی کی شرح دگنی ہو گئی ہے، موجودہ تنخواہ میں گھریلو اخراجات پورے نہیں کیے جا سکتے۔