آپ سپریم کورٹ میں آ کر بھیگی بلی بن جاتے ہیں، فواد چوہدری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل سے سپریم کورٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ کا تمام ریکارڈ مل جائے گا، آپ سپریم کورٹ میں آ کر بھیگی بلی بن جاتے ہیں، پارلیمنٹ میں آپ کی پوزیشن الگ ہوتی ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بند کر دینے سے حکومت نہیں چل سکتی، ملک اور نظام اس طرح سے نہیں چل سکتا، حکومت نے سپریم کورٹ کے لیے محاذ آرائی بنائی ہوئی ہے جو ملک کے لیے خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، 8 سے 10 لوگ اپنی کرسیوں سے چمٹے رہنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان کی 75 فیصد آبادی نامزد حکومت کے انڈر ہے جو غیر آئینی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جب بھی عوام کی حکومت آئے گی، نگراں پنجاب اور کے پی حکومت کو جواب دینا پڑے گا، معاملات کو الجھایا جا رہا ہے، چند لوگوں کی خواہشات پر ملک کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیف جسٹس کی پاور کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج اٹارنی جنرل سے پوچھا کہ آپ قانون کے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں، پارلیمنٹ کے باہر اور میڈیا میں پی ڈی ایم کی لائن مختلف ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 کہتا ہے اسمبلیاں ٹوٹیں گی تو الیکشن ہوں گے، ہم نے اسمبلیاں آئین کے مطابق توڑیں، الیکشن ہونے چاہیے تھے۔